اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراقی پارلمینٹ کے قومی سلامتی کمیشن کے نائب سربراہ خالد جسام نے بدھ کی رات تکریت شہر کی آزادی کے لیے ہونے والے لبیک یا رسول اللہ آپریشن کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس شہر کو داعش کے قبضے سے مکمل طور پر آزاد کرا لیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ عراقی فوج عوامی رضاکار فورس اور قبائلی فورس کے تکریت میں داخل ہونے کے بعد اس شہر کی آزادی کے لئے شروع ہونے والا آپریشن کامیابی کے ساتھ ختم ہو گیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہ فوجی آپریشن گزشتہ ہفتے العلم، الدور اور تکریت کی آزادی کے مقصد سے شروع کیا گیا تھا۔ خالد جسام نے عراقی عوام،حکومت اور مرجعیت کو اس کامیابی کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ یہ کامیابی بہت تیزی سے حاصل ہوئی ہے اور اس دوران مقبوضہ علاقوں میں داعش کے بہت سے دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ بہت سے فرار ہو گئے۔ دوسری جانب دہشت گرد گروہ داعش نے صوبہ الانبار میں عراقی فوج کے ساتھ لڑائی میں بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانے کے بعد اپنے افراد کی لاشوں کو زنکورہ کے علاقے میں ایک اجتماعی قبر میں دفن کر دیا۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169